تاریخی مقامات کی بحالی کیلئے بلاسٹنگ تکنیک کا استعمال شروع

لاہور: پاکستان میں پہلی بار والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے تاریخی مقامات کی بحالی اور تحفظ کے عمل کے دوران سینڈ بلاسٹنگ تکنیک کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
والڈ سٹی اتھارٹی سینڈ بلاسٹنگ تکنیک کو کسی بھی پینٹ، کوٹنگ، پلاسٹر یا ملبے کی سطح کو صاف کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے تاکہ سطح کو آسانی کے ساتھ صاف کیا جا سکے، جس کے نتیجے میں سطح انتہائی ہموار ہو۔
والڈ سٹی اتھارٹی نے کیتھیڈرل چرچ مال روڈ لاہور، سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل لارنس روڈ لاہور، بابا فرید کے مزار پاکپتن، ملتان چرچ سینٹ میری ورجن کیتھیڈرل، کلاک ٹاور ملتان، بہا الدین زکریا ملتان کے مزار, شوالہ مندر سیالکوٹ، ساہو والا چرچ سیالکوٹ اور اولڈ ڈی سی آفس سرگودھا کے تحفظ اور بحالی کے عمل میں اس تکنیک کا استعمال کیا ہے۔
سینڈ بلاسٹنگ کمپریسڈ ہوا کا استعمال کرتے ہوئے اس سطح پر ٹھوس ذرات کو تیز رفتار سے پھینک کر سطح کو صاف کرنے کا عمل ہے۔سینڈ بلاسٹنگ سسٹم میں چار بنیادی اجزا شامل ہیں: ہوا کا ذریعہ، سینڈ بلاسٹنگ کیبنٹ، ڈسٹ کلیکٹر، اور بلاسٹنگ میڈیا۔ ہوا کا ذریعہ عام طور پر بوتل گیس یا ایئر کمپریسر ہوتا ہے۔
سینڈبلاسٹنگ پینٹ، زنگ اور باقیات کو جلدی اور مثر طریقے سے ہٹا سکتی ہے۔ صفائی کے طریقہ کار کے طور پر سینڈ بلاسٹنگ کا استعمال ایک سو سال سے زیادہ عرصے سے ہو رہا ہے۔سینڈ بلاسٹنگ مشینوں کے اوپر ایک چیمبر ہوتا ہے جس میں ریت ڈالی جاتی ہے۔ اس کے بعد سینڈ بلاسٹنگ مشین کو ایک روایتی ایئر کمپریسر سے جوڑا جاتا ہے جو جب چالو ہوتا ہے تو ہینڈ ہیلڈ نوزل کے ذریعے ریت کو باہر نکال دیتا ہے۔
ڈائریکٹر کنزرویشن اینڈ پلاننگ ڈبلیو سی ایل اے نجم ثاقب نے کہا، "سینڈ بلاسٹنگ کسی عمارت سے گندگی، پینٹ کی تہوں اور کیمیکلز کو دور کرنے میں مدد دیتی ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ اس پر جمع ہوتی ہے۔ ریت کے بہت باریک ذرات ان کو ہٹانے اور ساخت کا اصل رنگ نکالنے میں مدد کرتے ہیں۔ یہ عمل سطحوں کو صاف کرتا ہے اور اصل ساخت کو سامنے لاتا ہے۔ سینڈ بلاسٹنگ کا یہ قدم تحفظ کے عمل کا حصہ ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو سی ایل اے کامران لاشاری نے کہا، ڈبلیو سی ایل اے تمام تاریخی مقامات کا تحفظ بین الاقوامی معیارات اور طریقوں کے مطابق کر رہا ہے۔ "ہم مختلف تکنیکوں کو اپنا رہے ہیں اور ان میں سے ایک سینڈ بلاسٹنگ ہے۔ ہم نے لاہور اور دیگر شہروں میں سینڈ بلاسٹنگ تکنیک کا استعمال کیا ہے جہاں WCLA یادگاروں اور عمارتوں کے تحفظ پر کام کر رہی ہے”۔