بجلی کے شعبہ سے وابستہ مقامی صنعت کے فروغ کیلئے این ٹی ڈی سی نے سٹیک ہولڈرز سے تجاویز مانگ لیں

لاہور: کاروبار میں آسانی کیلئے حکومت پاکستان کے ویژن کے تحت نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے بجلی کے شعبے سے وابستہ مقامی صنعتوں ، صنعت کاروں اور کنٹریکٹرز کو فروغ دینے اور ان کی حوصلہ افزائی کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں واپڈا ہاس لاہور میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز این ٹی ڈی سی جناب نوید اسماعیل کی زیر نگرانی تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے آن لائن اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
نوید اسماعیل نے میٹنگ کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کے ویژن کے مطابق این ٹی ڈی سی کا مقصد ٹرانسفارمرز، کیبل ، کنڈکٹر ، ٹاورز بنانے والے مقامی صنعتکاروں، کنٹریکٹرز، کنسلٹنٹس اور سپلائرز کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ جس کے نتیجے میں مقامی صنعت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں نئے صنعتکاروں کو مواقع میسر آئیں گے، زرمبادلہ میں بچت ہوگی ، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی ترقی میں اضافہ ہوگا۔
بعدازاں منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن نے کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے اجلاس کے دوسرے سیشن کی صدارت کی، جس میں کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز نے اپنی تجاویز پیش کیں جنہیں باہمی میکنزم تشکیل دینے کیلئے سنجیدگی سے لیا گیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے تمام سٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کیلئے اپنی اجتماعی تجاویز پیش کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے ویژن کے مطابق مقامی صنعت کو فروغ دینے کیلئے این ٹی ڈی سی کی ٹیم قانونی نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس عمل کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ بعد میں اس موضوع پر فالو اپ میٹنگ بھی ہوگی۔





