کاروبار

پنجاب اور چین کے درمیان تعاون اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچا سکتا ہے: چینی قونصل جنرل


لاہور: عوامی جمہوریہ چین کے لاہور میں تعینات ہونے والے قونصل جنرل ژا شیرین نے کہا کہ پنجاب اور چین کے درمیان معیشت کے مختلف شعبوں میں تعاون باہمی اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ چینی قونصلیٹ پنجاب میں صنعتی ترقی اور دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری تعلقات میں اضافے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار چینی قونصل جنرل نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے دورہ کے دوران کیا جبکہ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور پنجاب میں چینی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمر ملک نے چینی قونصل جنرل کا استقبال کیا اور انہیں پی بی آئی ٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا اور انہیں سرمایہ کاری بورڈ کے فرائض کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

چینی قونصل جنرل نے کہا کہ چین پنجاب کی معیشت کی پائیدار، مستحکم اور متوازن ترقی چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں زرعی ٹیکنالوجی، سماجی شعبے، افرادی قوت کی تربیت اور صنعتی ترقی کو پر توجہ صرف کی جائے گی جبکہ چین پنجاب میں صنعتی پارکس کی تکمیل، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور انسانی وسائل کی استعداد کار بڑھانے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

چینی قونصل جنرل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پنجاب اور چین کے درمیان زراعت، فنی تعلیم، لائیو سٹاک، سیاحت وغیرہ کے شعبوں میں تعاون کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ پی بی آئی ٹی کے سی ای او احمر ملک نے کہا کہ موجودہ حکومت پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے برآمدی صنعتوں کو فروغ دینے اور درآمدات کے متبادل پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین بین الاقوامی سطح پر زیادہ مانگ والی صنعتوں کی منتقلی اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کر کے پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں مدد کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے علاوہ صنعتی تعاون کو فروغ ملے گا۔ چینی قونصل جنرل نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چائنہ ڈیسک کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ پی بی آئی ٹی پنجاب میں چینی سرمایہ کاری میں اضافے اور مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔


سی ای او احمر ملک نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کا صوبائی ادارہ ہونے کے ناطے حکومت اور سرمایہ کاروں کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔


متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button