سٹیٹ بینک بینکنگ سپریڈ میں کمی لائے: لاہور چیمبر

لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پیر کو حکومت پر زور دیا ہے کہ کہ وہ قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبوں کے لئے اسٹیٹ بینک فنانسنگ اسکیم میں بینکنگ سپریڈ کم کرے۔
گورنرسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کو لکھے گئے ایک خط میں لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ کاروباری برادری کوویڈ 19 سے متاثرہ کاروباروں کی سہولت کے لئے اسٹیٹ بینک کے اقدامات کو سراہتی ہے مگر مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
میاں طارق مصباح نے کہا کہ بجلی کے زیادہ نرخوں کی وجہ سے کاروباری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ضروری ہے کہ قابل تجدید توانائی کے شعبہ کو فروغ دیکر اپنے انرجی مکس کو زیادہ کارآمد بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ کو آسان شرائط پر قرضہ جات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بینکنگ سپریڈ کم کرے اور یہ اسی صورت ممکن ہے جب حکومت بینکوں سے بڑے پیمانے پر قرض لینا چھوڑ دے۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ جو نجی شعبہ انجن آف گروتھ ہے اسے سستے سرمائے کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ دستیاب کریڈٹ کا زیادہ تر قرضہ حکومتی اخراجات پورے کرنے کے لیے لے لیا جاتا ہے۔
، انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا چاہتی ہے تو بینکنگ سپریڈ کم کرکے نجی شعبے کو سہولت فراہم کرنا ہوگی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبوں کے لئے اسٹیٹ بینک فنانسنگ اسکیم میں بینکنگ سپریڈ کم کرے گا جو اس وقت 3 فیصد سے 4 فیصد تک ہے۔





