کاروبار

پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے پانچ گلوبل ڈیسک قائم

لاہور: پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اسٹریٹجک روڈ میپ 2022 کی منظوری دے دی ہے تاکہ ملک میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگار ماحول مہیا کیا جا سکے۔

پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے میٹنگ ہال میں ہونے والے اجلاس کے دوران ڈائریکٹرز نے بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے لیے بنیادی مقاصد طے کیے ہیں۔

سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے طے کئے گئے نکات میں صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، پہلے سے موجود ایسے سرمایہ کاروں کی مدد کرنا جو کاروبار میں توسیع کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے یہ نکات بھی منظور کئے گئے کہ بہتر کاروباری ماحول کی فراہمی کیلئے ہم آہنگی اور سہولت کاری پیش کی جائے گی جبکہ مثر سپورٹ سسٹم کو آپریشنل کرنا اور جامع مارکیٹنگ اور خصوصی پروگراموں کے ذریعے صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے نکات پر اتفاق کیا گیا۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز نے یورپین ڈیسک، نارتھ امریکہ ڈیسک، چائنا اینڈ جنوب ایشیائی ڈیسک، مشرق وسطی ڈیسک اور وسط اور جنوبی ساتھ ایشیا ڈیسک قائم کیے تاکہ ان خطوں کے ممکنہ سرمایہ کاروں کی بہترین سہولت کاری کی جا سکے اور پنجاب کو سرمایہ کاری کے لیے سب سے زیادہ منافع بخش مقام کے طور پر پیش کیا جا سکے۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین فضیل آصف جاہ نے کہا کہ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت ملکی و بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں کو سہولت کاری فراہم کرنے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی بی آئی ٹی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے میگا ایونٹس، پینل مباحثوں، پبلک پرائیویٹ مکالموں اور تحقیقی پبلیکیشنز کا انعقاد کرے گی، جبکہ پنجاب میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے دنیا کو روشناس کروانے کیلئے بین الاقوامی معیار کی مارکیٹنگ حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس میں اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ نئے سال کیلئے اہداف مقرر کئے جائیں تاکہ سرمایہ کاری اور مالیاتی نمو کے ذریعے صوبے کی معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت جرات مندانہ اقتصادی اصلاحات متعارف کر رہی ہے جس سے کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ملک کو معیشت کے تمام شعبوں میں بہتری میں مدد ملی ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button