تاجروں کا محکمہ زراعت اور پولیس کے خلاف ہڑتال کا اعلان

لاہور : پاکستان کراپ پروٹیکشن ایسوسی ایشن،پنجاب سیڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن اور پن پیسٹی سائیڈز ڈیلرز ایسوسی ایشن نے محکمہ زراعت، پولیس اور دیگر اداروں کے چھاپوں کے خلاف مشترکہ طور پر ہڑتال کا اعلان کردیا ۔
تینوں تنظیموں کا آج بروز سوار سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین کراپ پروٹیکشن ایسوسی ایشن رف الرحمن ، سنئیر نائب صدر پنجاب پیسٹی سائیڈز ڈیلرز ایسوسی ایشن نعیم پاشا ، کوآرڈینیٹر قیصر اولکھ، سعد اکبر نے کہا کہ دنیا معاشی بحران میں پھنسی ہے، پاکستان کا بنیادی مسئلہ اس وقت بارڈر نہیں فوڈ سیکیورٹی ہے۔دنیا میں زراعت کی اہمیت مزید اجاگر ہوئی ہے لیکن پنجاب جو سب سے بڑا زرعی صوبہ ہے وہاں پر ہمارے خلاف چھاپے اور پکڑ دھکڑ شروع کر دی گئی ہے، جس سے کاروبار تباہ ہو رہے ہیں۔ہم پر دو محکموں کی نگرانی ہے، اس کے علاہ بھی کچھ محکمے ہماری چیکنگ کر رہے اور بے جا ہراسمنٹ کر رہے ہیں جس صورت میں کاروباری جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مصنوعات 97 فیصد خالص ہے لیکن ہماری تذلیل کی جارہی ہے، جو کہ ناقابل برداشت ہے۔محکمہ زراعت نے ہمیں تباہ کردیا ہے۔ کوالٹی کنٹرول کے نام پر پکڑ دھکڑ کی جارہی ہے۔سرکاری اہلکار کسی بھی رجسٹرڈ کمپنی میں گھس جاتے ہیں، اب ہم کسی سرکاری اہلکار کی بد معاشی برداشت نہیں کریں گے، ہم پر غیر قانونی مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔
سنئیر نائب صدر پیسٹی سائیڈز ڈیلرز ایسوسی ایشن نعیم پاشا نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت ، پولیس اور ایجنسیوں کے لوگ ہماری دکانوں پر چھاپے مار رہے ہیں، ہم جائز طریقے سے کاروبار کر رہے ہیں مگر ہم مجرم بنا کر پیش کیا جا رہا ہے، ایسی صورت میں کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔ حکومت ہمارے جائز مطالبات پورے کرے ۔





