انرجی

ملک کے جنوبی حصوں میں واقع بجلی گھروں سے بجلی کی ترسیل کیلئے 04 مزید 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن سرکٹس مکمل

لاہور: نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے اپنے منصوبوں کی جلد تکمیل کے حصول کے پیش نظر ملک کے جنوبی حصوں میں واقع بجلی گھروں سے بجلی کی ترسیل کیلئے 04 مزید 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن سرکٹس مکمل کرکے ہائی وولٹیج ڈائریکٹر کرنٹ (ایچ وی ڈی سی )کنورٹرسٹیشن مٹیاری (حیدرآباد) سے منسلک کردیئے۔

اس سلسلے میں واپڈا ہائوس میں مذکورہ ٹرانسمیشن لائن سرکٹس کی انرجائزیشن کیلئے ایک ورچوئل تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز، جنرل منیجرز، چیف انجینئرز سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

ترجمان این ٹی ڈی سی نے ٹرانسمیشن لائن منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ کوئلے سے چلنے والے 1320 میگاواٹ پورٹ قاسم پاور پلانٹ سے ایچ وی ڈی سی مٹیاری کنورٹر سٹیشن تک دو (2) 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن سرکٹس کو انرجائز کردیا گیا جبکہ دوسرے دو (2) 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن سرکٹس موجودہ 500 کے وی جامشورو-دادو سرکٹ 1- کے ساتھ لوپ ان / آؤٹ کرکے ایچ وی ڈی سی مٹیاری کنورٹر سٹیشن سے منسلک کردیا گیا۔

اس سے قبل، مذکورہ ٹرانسمیشن لائن 500 کے وی جامشورو – دادو سرکٹII- میں ان /آئوٹ سے بجلی کی ترسیل کررہی تھی۔ یہ ٹرانسمیشن لائنیں مٹیاری کنورٹر سٹیشن میں 500 کے وی این ڈی ٹی سی نیٹ ورک کو مزید تقویت بخشیں گیں۔ اس سے یکم مئی 2021ء سے شروع ہونے والی 660 ± کے وی ایچ وی ڈی سی مٹیاری – لاہور ٹرانسمیشن لائن پر ہائی پاور ٹیسٹنگ میں مدد ملے گی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سندھ میں قائم بجلی گھروں سے بجلی کے انخلاء کیلئے ، این ٹی ڈی سی نے 10 سرکٹس / ٹرانسمیشن لائنوں کا منصوبہ بنایا تھا ، ان میں سے آٹھ 500 کے وی ایچ وی اے سی ٹرانسمیشن لائنیں /سرکٹس مکمل ہو چکے ہیں۔ تاہم ، باقی 02 ٹرانسمیشن لائن سرکٹس بعد میں مکمل کی جائیں گی۔ یہ ٹرانسمیشن لائنیں مذکورہ پاور پلانٹ سے بجلی کی ترسیل کریں گی۔ جس کے بعد ، یہ بجلی سی پیک پراجیکٹ 660 ± کے وی ایچ وی ڈی سی مٹیاری-لاہور ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے ملک کے شمالی لوڈ سنٹرز کو ترسیل کی جائے گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ٹرانسمیشن لائن کی سہولت بنیادی طور پر مقامی تھر کوئلہ پر مبنی بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں سے حاصل ہونے والی بجلی کی ترسیل کیلئے استعمال کی جائے گی جس کا مقصدمقامی ایندھن پر مبنی پیداوار میں حصہ بڑھانا ہے اور غیر ملکی زرمبادلہ کی رقم کو بچانا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن نے ٹرانسمیشن لائن سرکٹس مکمل کرنے پر این ٹی ڈی سی انجینئرز ،کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کی کاوشوںکو سراہا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button