این ٹی ڈی سی ٹریننگ سینٹر ٹی ایس جی سے پاور سیکٹر کے 1000 سے زائد انجینئرز اور ٹیکنیکل سٹاف کی ٹریننگ مکمل

لاہور: پاور سیکٹر میں گرڈ سٹیشنز کی مینٹیننس اور آپریشن میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کیلئے این ٹی ڈی سی کے ٹریننگ سنٹر ٹیکنیکل سروسز گروپ (ٹی ایس جی) نیو کوٹ لکھپت لاہور میں قائم کیا گیا۔ ٹریننگ سنٹر میں پچھلے اڑھائی سال کے دوران 1000 سے زائد انجینئرز اور ٹیکنیشنز نے ٹریننگ مکمل کی۔
مذکورہ ٹریننگ سنٹر میں جاپانی حکومت کے تعاون سے ایک ارب روپے کی لاگت سے جدید ترین ٹریننگ سیمولیٹر نصب کیا گیا۔ ٹریننگ سیمولیٹر پاکستان کے پاور سیکٹر کے انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کیلئے مختلف تکنیکی کورسز فراہم کر رہا ہے۔
ٹریننگ سنٹر میں حال ہی میں بی پی ایس 17 کے انجینئرز نے اپنا چوتھا سیکٹر سپیسیفیکیشن کورس مکمل کیا ہے، جو اگلے گریڈ میں ترقی کیلئے لازمی ہے۔ اس ضمن میں واپڈا ہاس میں کورس کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے افسران اور شرکامیں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔
کرونا وباکے سبب ٹریننگ کا بڑا حصہ آن لائن مکمل کیا گیا۔ اس کورس کے دوران 29 شرکاکو تربیت دی گئی جس میں این ٹی ڈی سی کے 20 جبکہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے 9 افسران نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن نے کہا کہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) نے این ٹی ڈی سی ٹریننگ سینٹر کو مزید اپ گریڈ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ جائیکا ہائی وولٹیج ڈائرکٹ کرنٹ (ایچ وی ڈی سی) ٹیکنالوجی، الٹرا ہائی وولٹیج سسٹم اور 20 کمپیوٹرز پر مبنی گرڈ آپریشن سیمولیٹر فراہم کرے گا جو این ڈی ٹی سی کے مختلف گرڈ سٹیشنز پر نصب کئے جائیں گے۔
پچھلے اڑھائی سال کے دوران، 300 سے زائد افراد کو سکِل انہاسمنٹ اور ریفریشر کورسز، 250 سے زائد افراد کو گرڈ آپریشن اور مینٹیننس کورسز، 110 سے زائد افراد کو پروٹیکشن اینڈ انسٹرومینٹیشن کورسز ، 120 سے زائد ڈیڈ اور لائیو لائن مینٹیننس کورسز اور 220 افراد کو شارٹ کورسز اور سیمینارز میں حصہ لینے کا موقع ملا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹریننگ کے نصاب میں ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن (T&D) سسٹم، انرجی میٹر سٹڈیز، 660 کے وی HVDC ٹیکنالوجی پر سیرحاصل لیکچرز دیئے گئے۔ پاور سیکٹر میں مسابقتی تجارتی باہمی معاہدہ مارکیٹ (CTBCM) کے پہلوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ ٹریننگ کے دوران پاور سیکٹر کے معروف اور تجربہ کار انجینئرز اور بین الاقوامی ماہرین کو لیکچر دینے کیلئے مدعو کیا جاتا ہے۔





