انرجی

واپڈا مقامی لوگوں کی ترقی کے لئے پراجیکٹ ایریاز میں 100 ارب روپے خرچ کر رہا ہے

لاہور: واپڈامنصوبے ملکی اقتصادیات کو مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ پراجیکٹ ایریا میں رہنے والے مقامی لوگوں کی معاشرتی اور اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اِس بات کا اندازہ اِس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ واپڈا اِس وقت پراجیکٹ ایریاز میں مقیم لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے 100 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہا ہے۔

واپڈا کی جانب سے 100 ارب روپے کی یہ رقم اعتمادی سازی کے اقدامات (سی بی ایم) کے طور پر دیا مر بھاشا ڈیم،مہمند ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کے تعمیراتی علاقوں میں مختلف ترقیاتی سکیموں پر خرچ کی جارہی ہے۔ اِن ترقیاتی سکیموں کا تعلق صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے شعبوں سے ہے۔ ترقیاتی سکیمیں مکمل ہونے پر اِن دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں آباد لوگوں کے طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی اور انسانی ترقی کے اعشاریہ میں بھی بہتری آئے گی۔

دیا مر بھاشا ڈیم، چلاس ٹان سے 40کلو میٹر زیریں جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جارہا ہے۔اِس منصوبے میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت8.1 ملین ایکڑ فٹ جبکہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ساڑھے چار ہزار میگاواٹ ہے۔ دیا مر بھاشا ڈیم کے پراجیکٹ ایریا میں مقامی لوگوں کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے لئے مختلف سکیموں پر 78 ارب 50کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔

مہمند ڈیم خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جارہاہے۔ منصوبے کی تکمیل پر 1.2 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا اور 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ اِس منصوبے کے تحت پراجیکٹ ایریا میں صحت، تعلیم، پینے کے پانی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر اور بہتری کے لئے چار ارب 57کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا پہلا مرحلہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں دریائے سندھ پر تعمیر کیا جارہا ہے منصوبے کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 2 ہزار 160میگاواٹ ہے۔ اِس منصوبے کے تحت پراجیکٹ ایریا میں لوگوں کی آباد کاری، سماجی ترقی اور ماحولیاتی انتظام سے متعلق ترقیاتی سکیموں پر واپڈا 17 ارب 35 کروڑ روپے خرچ کر رہا ہے۔
تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہر ی پور میں تربیلا ڈیم کی پانچویں سرنگ پر تعمیر کیا جارہاہے۔ منصوبے سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے اگر چہ اِس منصوبے میں مقامی لوگوں کی نقل مکانی نہیں ہوگی، اِس کے باوجود اِس منصوبے کے تحت مقامی لوگوں کی ترقی کے لئے اعتماد سازی کے اقدامات کے طور پر 29 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کئے جائیں گے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button