وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیرخان کی این ٹی ڈی سی منصوبوںکو جلد مکمل کرنے کی ہدایت

لاہور : وزیر توانائی (پاور ڈویژن)کا قلمدان سنبھالنے کے بعد انجینئر خرم دستگیر خان نے آج یہاں واپڈا ہاو س لاہور میں این ٹی ڈی سی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر منظور احمد نے این ٹی ڈی سی منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں تفصیلی پریزینٹیشن دی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری (پاور ڈویژن) مصدق احمد خان طاہرخیلی اور جوائنٹ سیکرٹری (ٹرانسمیشن) احمد تیمور ناصر نے بھی منصوبوں اور دیگر اقدامات بارے وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ این ٹی ڈی سی کاترسیلی نظام موثر انداز میںکام کرتا ہے ۔2021میں 24,566 میگاواٹ ریکارڈبجلی کی پیداوار کی ترسیل کی گئی۔ ترسیلی نظام کی صلاحیت کو مزید بڑھانے کیلئے موجودہ گرڈ سٹیشنز پر ٹرانسفارمرز کے اضافے کے ساتھ ساتھ نئے گرڈ سٹیشن بھی تعمیر کیے جارہے ہیں۔
حال ہی میں این ٹی ڈی سی نے ٹرانسمیشن لائنز اور گرڈ سٹیشنز کے 23 منصوبے مکمل کیے ہیں، جن میں 500 کے وی گرڈ سٹیشن فیصل آباد ویسٹ اور 220 کے وی گرڈ سٹیشن جھمپیر-II بھی شامل ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ 2081.868 ملین امریکی ڈالر (تقریبا)فنڈنگ سے ٹرانسمیشن لائنز اور گرڈ سٹیشنز کے زیر تعمیر 51منصوبے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں جن کی مالی اعانت مختلف ڈونر ایجنسیوں اور این ٹی ڈی سی نے اپنے وسا ئل سے کی ہے ۔
ٹرانسمیشن سسٹم میںرکاوٹوں کو دور کرنے کے منصوبہ 2022 کے بارے میں اپ ڈیٹ کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے بتایا کہ کل 15 پراجیکٹس میں سے 9 منصوبے پہلے ہی مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ بقیہ 5پراجیکٹس میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے اور مئی 2022 کے آخر تک ان کی تکمیل متوقع ہے۔وزیر توانائی (پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر خان نے این ٹی ڈی سی کی جانب سے اہم منصوبوں کی تکمیل اور جاری منصوبوںپر کام کی رفتار کو سراہا۔
انہوں نے اہداف کے حصول اور ترسیلی نظام کے اثاثوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ تقسیم کار کمپنیز کے ذریعے صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت عوام کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ اس لیے منصوبوں کی جلد تکمیل سے لوڈ شیڈنگ سے پاک پاکستان کی راہ ہموار ہوگی۔





