فیچرڈ

لاہور کے نئے ماسٹر پلان کی تیاری میں ایک سال سے زائد وقت لگے گا

لاہور:ایل ڈی اے کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ لاہور کے نئے ماسٹر پلان کی تیاری میں ایک سال سے زائد لگے گا جبکہ نئے انڈسٹریل ایریاز اس کا حصہ ہونگے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے جلد ہی لاہور چیمبر میں ایک ہیلپ ڈیسک قائم کرے گا جس سے تاجر برادری کو درپیش مسائل جلد حل کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ راوی ریور فرنٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی زد میں آنے والے انڈسٹریل یونٹس کے متعلق سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی اور تاجر برادری کو ہر ممکن سہولت دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیگر شہروں کے مقابلے میں لاہور میں پانی کے زیادہ ٹیرف کے معاملے کا جائزہ لیا جارہا ہے، ہالیڈے پارک انڈسٹریل اسٹیٹ کا مسئلہ بھی جلد حل کردیا جائے گا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ کاروباری برادری راوی ویور فرنٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے منصوبے اور وزیراعظم کے ویژن کو سراہتی ہے، البتہ اس منصوبے کے بارے میں تاجر برادری کے تحفظات دور کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے سٹیل ری رولنگ یونٹس اور دیگر صنعتیں اس منصوبے کی زد میں آرہی ہیں جنہیں نوٹسز بھیجے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے تاکہ کاروباری برادری کے مفادات کو نقصان نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ لاہور اور اس کے مضافات میں صنعتوں کے قیام و وسعت کے لیے زمین کی قلت ہے، یہاں قائداعظم اور سندر ، صرف دو بڑی انڈسٹریل اسٹیٹس ہیں جو اپنی پوری کیپسٹی کو پہنچ چکی ہیں، یہی وجہ ہے کہ لاہور میں صنعتی زمین کی قیمت بہت زیادہ ہوگئی ہے، لاہور چیمبر بارہا مطالبہ کرچکا ہے کہ لاہور چیمبر کی ری زوننگ کرکے انڈسٹری کی ضروریات کو پورا کیا جائے۔


انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے کی کنورژن فیس بھی بہت زیادہ ہے جس میں کمی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شیخوپورہ، قصور، ننکانہ کو ایل ڈی اے کی حدود سے باہر کردیا ہے، اس سے ایل ڈی اے کے اختیارات محدود ہونگے۔ انہوں نے ہالیڈے پارک انڈسٹریل اسٹیٹ کے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے کہا کہ صنعت و تجارت سے متعلق تمام فیصلے کاروباری برادری کی مشاورت سے کیے جائیں تاکہ کاروباری ماحول متاثر نہ ہو۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button