ٹیکنالوجی

پنجاب حکومت کا صوبے بھر کے بھٹہ خشت کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا دعوی

لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تحت 6ماہ کی محدود مدت میں صوبے بھر کے بھٹہ خشت کی زگ زیگ ٹیکنالوجی بڑی کامیابی ہے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے سموگ کی شکل میں خطرناک صورتحال اختیار کرنے والی ماحولیاتی آلودگی کو قدرتی آفت قرار دے کر پی ڈی ایم اے کے سپرد کیا گیا تھا۔ اتھارٹی نے آلودگی کے دیگر عناصر پر کنٹرول کے ساتھ پنجاب بھر کے 7986بھٹہ خشت کی جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی کے ذریعے فضائی آلودگی کی بڑی مقدار میں کمی کو یقینی بنایا۔

ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں نے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام سموگ پر کنٹرول کے لیے اتھارٹی کی رپورٹ کے جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بھٹہ خشت کی ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقلی کلین اینڈ گرین پنجاب کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جس پر اتھارٹی سمیت تمام ضلعی ادارے اور محکمہ ماحولیات کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال میں پنجاب گرین پروگرام کے تحت محکمہ ماحولیات کی تنظیم نو حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب گرین پروگرام کے تحت صنعتوں میں ماحول دوست ٹیکنالوجی کے فروغ، فیکٹریوں میں سکربرز کی تنصیب اور گاڑیوں میں ماحول دوست ایندھن کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button