بھارت میں ہر چار منٹ میں کرونا سے ایک موت ہونے لگی

نئی دہلی: بھات میں کورونا کی نئی ہلاکت خیز لہر کو کرونا سونامی کہا جا رہا ہے جس میں ہر ایک منٹ میں 243 نئے کیسز اور ہر چار منٹ میں ایک موت واقع ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس نے صحت کے نظام کو مفلوج کر دیا ہے۔ آکسیجن کی شدید قلت کے باعث ڈاکٹرز اور طبی عملہ خود کو بے بس محسوس کر رہا ہے جبکہ ماہرین نے اس لہر کو کورونا سونامی سے تعبیر کیا ہے۔
اسپتال موت، بے بسی اور لاچارگی کی تصویر بن گئے ہیں، باہر فٹ پاتھوں پر بھی ادھ موئی سانس لیے مریض بستر کی امید میں دم توڑ رہے ہیں۔ مریضوں کی تڑپ اور لواحقین کی مدد کی دہائیوں سے فضا سوگوار ہے۔ اس انسانی المیے نے سب کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
آج مسلسل چوتھے روز بھی کورونا کے نئے کیسز کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ صرف ایک منٹ میں 243 کورونا کے نئے مریض اور ہر 4 منٹ میں ایک مریض کی موت واقع ہو رہی ہے۔ شمشان گھاٹ اور قبرستان میں بھی اپنے پیاروں کی آخری رسومات کے لیے لواحقین قطاروں میں لگے ہیں۔
عالمی برادری نے اس مشکل گھڑی میں بھارت کی ہر ممکن امداد کی پیشکش کی ہے، سعودی عرب اور سنگاپور کی جانب سے آکسیجن گیس بھیجی جارہی ہے جب کہ پاکستان نے بھی پڑوسی ملک کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔